میٹا نے انسٹاگرام اور فیس بک ریلز کو ڈراموں کی طرح ’قسط وار‘ دیکھنے کا نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
میٹا نے انسٹاگرام اور فیس بک پر ریلز ویڈیوز کے لیے ایک جدید اور منفرد فیچر ’سیریز‘ کی آزمائش کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد مختصر دورانیے کی ویڈیوز کو ڈرامائی یا قسط وار انداز میں یکجا کرنا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ فیچر فی الحال دنیا بھر میں صرف ان چند منتخب کانٹینٹ کریٹرز کو فراہم کیا گیا ہے جو پہلے سے ہی قسط وار مواد تیار کرنے کی شہرت رکھتے ہیں۔ اس نئے فیچر کی بدولت اب ویڈیو بنانے والے اپنی پرانی اور نئی ریلز کو ایک لڑی میں پرو سکیں گے، جہاں ہر ویڈیو ایک بڑے متبادل بیانیے کی ’ایک قسط‘ بن کر سامنے آئے گی۔
یہ تمام ویڈیوز کریٹر کے پروفائل پر ایک مخصوص حصے میں نظر آئیں گی، جس سے ناظرین کے لیے ترتیب کے ساتھ ویڈیوز دیکھنا اور وہیں سے دوبارہ دیکھنا ممکن ہوگا جہاں انہوں نے سلسلہ چھوڑا تھا۔
اگرچہ میٹا نے ابھی تک اس فیچر سے کمائی یعنی مونیٹائزیشن کے طریقہ کار کو خفیہ رکھا ہے، تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ مستقبل میں ٹک ٹاک کے ’پیڈ سیریز‘ ماڈل کی طرح پیسے کمانے کمانے کا ایک بڑا ذریعہ بن کر ابھرے گا۔





















