پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرکے تمام پاکستانی بیٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
سابق کپتان اور دائیں ہاتھ کے بیٹر شعیب ملک کے ٹی 20 کرکٹ میں ایک ہزار چوکے لگا کر نیا اعزاز اپنے نام کرلیا، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
قومی ٹی ٹوئنٹی میں شعیب ملک نے اتوار کو سیالکوٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے راولپنڈی کیخلاف 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی آل راؤنڈر یہ کارنامہ انجام دینے والے مجموعی طور پر دنیا کے آٹھویں کھلاڑی ہیں، شعیب ملک نے 482 اننگز میں ایک ہزار چوکے لگائے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے ٹی 20 کیرئیر کے 40 0چھکے بھی مکمل کرلئے، وہ 400 چھکے لگانے والے بھی پہلے پاکستانی ہیں۔
واضح رہے کہ شعیب ملک ٹی 20 کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرچکے ہیں، وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے دوسرے بیٹر ہیں، ان سے قبل صرف ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ہی مختصر ترین دورانیے کی کرکٹ میں یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔