سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ میں ن لیگ سے نکلا نہیں، نکالا گیا تھا، نواز شریف مجھے ٹکٹ دینا چاہتے ہیں لیکن انہیں کون ٹکٹ دینے نہیں دے رہا یہ پوچھا جائے، پاپولر ووٹ کے باوجود پی ٹی آئی کو اقتدار نہیں ملے گا۔
سماء کے پروگرام دوٹوک میں کرن ناز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں مسلم لیگ میں ہوں، مسلم لیگ میرے باپ دادا کی تھی، مختلف مراحل میں مسلم لیگ بدلتی رہی ہے، کچھ مراحل پر مسلم لیگ ڈکٹیٹرز کا بھی ساتھ دیتی رہی، بدقسمتی سے مسلم لیگ کو درست راستے پر نہ چلنے دیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ درست راستے پر نہ چلنے کی وجہ سے مارشل لاء طویل ہوتے رہے، نواز شریف کو پھر ن لیگ کا سربراہ بنایا گیا، جمہوری جماعت بننے کیلئے نواز شریف کا بھرپور ساتھ دیا، میں ن لیگ سے نکلا نہیں نکالا گیا تھا، ہماری کوشش تھی ن لیگ جمہوری پارٹی بنے، اتفاق نہیں کرتا کہ مسلم لیگ ن کا دور دورہ ہے، جب تک آپ کے پاس پاپولر ووٹ نہ ہو تو کوئی فائدہ نہیں، ووٹ نہ ہو تو اقتدار پر بٹھانے کے بعد 4 روز میں کھیل ختم ہوتا ہے۔
سینئر سیاستدان نے مزید کہا کہ میں 149 کے حلقے سے امیدوار ہوں، ن لیگ ابھی تک حلقہ 149 کے ٹکٹ کا فیصلہ نہیں کرسکی، معلوم ہے مسلم لیگ ن کو ٹکٹ دینے کی اجازت نہیں ہے، ساری زندگی کسی جماعت میں ٹکٹ کیلئے درخواست نہیں دی، مجھے جماعتوں نے ایک سے زیادہ حلقوں پر ٹکٹ دیئے، نواز شریف نے میرے بارے میں کہا آپ ن لیگ میں ہوں نہ ہوں ٹکٹ آپ کا ہے، نواز شریف مجھے ٹکٹ دینا چاہتے تھے، میں اس بارے میں کیا کہوں کہ مجھے ٹکٹ نہیں دینے دیا جارہا، پوچھا جائے نواز شریف کو کون روک رہا ہے۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو کے ساتھ پاپولر ووٹ تھا مگر پھر موت کی نیند سلایا گیا، نواز شریف کے پاس بھی پاپولر ووٹ تھا مگر ان کو ہٹایا گیا، نواز شریف کو ہٹاکر پھر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو لایا گیا، لوگوں سے سنتا رہتا ہوں پاپولر ووٹ پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، پی ٹی آئی کو اقتدار نہیں ملے گا۔
سینئر سیاستدان کا کہنا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدار کی سیاست کی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے جمہوریت کی سیاست نہیں کی، میں اپنے مؤقف کے ساتھ کھڑا رہوں گا، ایسا نہ ہوا تو میں آزاد الیکشن لڑوں گا کسی سے بھی ٹکٹ نہیں لوں گا، شاہد خاقان عباسی کے پارٹی کے حوالے سے مؤقف کا حامی نہیں، ہر جماعت میں موروثی سیاست ہوتی رہتی ہے، چوہدری نثار نے 6 الیکشن پارٹی ڈسپلن کے خلاف لڑے، جب الیکشن لڑوں گا ن لیگ کے ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کرونگا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے مجھ سے وعدہ کیا تھا اگر ٹکٹ نہ ملا تو تضاد پیدا ہوگا، کہا تھا جہاں سے بھی آپ الیکشن لڑیں گے لیگی امیدوار کھڑا نہیں ہوگا، مجھے مینار پاکستان جلسے پر بلایا ہی نہیں تھا، پی ٹی آئی قیادت مجھ سے گھر آکر ملتی ہے، میں نے ن لیگ کیلئے خون دیا ہوا ہے۔