پاکستان کرکٹ بورڈ نے معروف سپر فین چاچا کرکٹ کو ان کی طویل خدمات اور پاکستان کرکٹ سے والہانہ وابستگی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
چاچا کرکٹ نے آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کو اپنی آخری سیریز قرار دیا ہے، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں خصوصی انداز میں اعزاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق چاچا کرکٹ کئی دہائیوں سے اسٹیڈیمز میں موجود رہ کر پاکستان کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں اور ان کی شناخت قومی ٹیم کے سب سے پرجوش اور وفادار مداحوں میں ہوتی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چاچا کرکٹ صرف ایک مداح نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ کا اہم حصہ ہیں، جنہوں نے ہمیشہ قومی ٹیم کی حمایت کی۔ بورڈ نے ان کی زندگی بھر کی محبت، جوش و جذبے اور ناقابلِ فراموش یادوں پر شکریہ بھی ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ آج آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ کے موقع پر چاچا کرکٹ کو خصوصی طور پر آنر کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی چاچا کرکٹ کو اپنا خصوصی مہمان بنائے گا، ان کے اعزاز میں کیک بھی کاٹا جائے گا، جبکہ میچ کی اختتامی تقریب میں بھی انہیں خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ کے شائقین کی جانب سے بھی چاچا کرکٹ کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے، جنہوں نے برسوں تک دنیا بھر کے میدانوں میں قومی ٹیم کا ساتھ نبھایا۔





















