ایئرپورٹ سے مبینہ طور پر اغواء ہونے والی سوئس نیشنل خاتون صوفیہ ماریہ ملر کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق صوفیہ ماریہ ملر امریکہ سے ترکش ایئرلائن کے ذریعے لاہور پہنچی تھیں، جس کے بعد ان کے لاپتہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
خاتون کے نیپالی شوہر کی درخواست پر تھانہ سرور روڈ پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کیا تھا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اغواء کے مقدمے میں مطلوب سوئس نیشنل خاتون کو ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ہوٹل سے بحفاظت بازیاب کرایا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون مبینہ طور پر فراڈ ٹور آپریٹرز کے جھانسے میں آ گئی تھیں، جس کے باعث یہ صورتحال پیش آئی۔
پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں اور مزید حقائق جاننے کیلئے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔





















