پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو توڑ پھوڑ کے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
مردان کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف نو مئی کے روز میڈیکل اسٹور پر توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران پی ٹی آئی رہنما کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی ٹیم کی جانب سے اسد قیصر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے مجسٹریٹ کی جانب سے مسترد کر دیا گیا۔
بعدازاں، عدالت نے اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ اسد قیصر کو ہفتے کے روز مردان جیل کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔