نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بل گیٹس سے ملاقات میں ملک بھر میں بچوں کو پولیو ویکسین کی فراہمی اور رسائی میں اضافے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ دبئی کوپ 28 میں سری لنکا اور مالدیپ کے صدور جبکہ شامی وزیراعظم سے بھی ملاقات کی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہفتہ کو دبئی میں کوپ2 8 کانفرنس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کو پاکستان میں پولیو کے انسداد کیلئے جاری مہم سے آگاہ کیا اور کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے پاکستان کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے ملک بھر میں بچوں کو پولیو ویکسین کی فراہمی اور ویکسین تک رسائی میں اضافے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے بچوں میں غذائیت کی کمی، مالیاتی شمولیت اور تخفیف غربت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ معاونت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
انوار الحق کاکڑ نے فاؤنڈیشن کی جانب سے معاونت کو سراہا اور پاکستان میں اسٹیم ایجوکیشن، آفات سے نمٹنے کیلئے پیشگی آگاہی و ہنگامی آپریشنز اور زرعی ویلیو چینز میں قومی استعداد میں بہتری کیلئے کام کرنے کے ضمن میں فاؤنڈیشن کی حوصلہ افزائی کی۔
نگران وزیراعظم سے سری لنکن صدر کی ملاقات
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سری لنکا کے صدر نے دبئی میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان سری لنکا کے دوطرفہ تعلقات کی قریبی اور خوشگوار نوعیت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان خیر سگالی کا ذکر کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں کے ساتھ ساتھ عوام سے عوام کے رابطوں میں دیرینہ تعاون کو مزید گہرا اور مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
صدر وکرما سنگھے نے سری لنکا کے تجربے اور مالی بحران اور افراط زر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سری لنکا کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے سری لنکا کے صدر کو معیشت کی بحالی کیلئے حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور صدر وکرما سنگھے نے جنوبی ایشیاء میں امن اور ترقی کو فروغ دینے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سمیت مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کیا۔
شامی وزیراعظم سے ملاقات
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے شام کے وزیراعظم حسین ارنس نے بھی کوپ۔28 کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کو فروغ دینے کیلئے سیاسی تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں معیشت، ثقافت اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کو بحال کرنے پر اتفاق کیا، فلسطینیوں کیخلاف جاری اسرائیلی جارحیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لے اور تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔
نگران وزیراعظم سے مالدیپ کے صدر کی ملاقات
پاکستان اور مالدیپ نے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور باہمی تعاون خصوصاً معیشت، تجارت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرلیا۔
دبئی میں کاپ28 کے موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور خیرسگالی کے عوامی جذبات سے استفادہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا اور موسمیاتی اثرات سے بچاؤ کیلئے مینگروز اور دیگر پودوں کی کاشت کیلئے مہارتوں کے تبادلے پر بھی بات چیت کی، اور موسمیاتی اقدامات اور انصاف کے شعبے میں نتیجہ خیز اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔
انوار الحق کاکڑ نے علاقائی تعاون کو بڑھاتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی کے فروغ کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مالدیپ کے صدر کا منصب سنبھالنے پر ڈاکٹر محمد معیز کو مبارکباد پیش کی۔
مالدیپ کے صدر نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے خیر سگالی کے جذبات کے اظہار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔