لاہور میں معرکۂ حق کی کامیابی پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیلئے مختلف ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ پی پی 159 میں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کی قیادت میں عظیم الشان ریلی نکالی گئی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام بھی ’’بنیان مرصوص‘‘اظہارِ یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
پی پی 159 میں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کی جانب سے نکالی گئی ریلی کا مقصد معرکۂ حق میں کامیابی پر افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی، قومی اتحاد کے فروغ اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔ ریلی میں عوام، بلدیاتی نمائندوں، لیگی کارکنان، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر پاکستان کی دفاعی برتری دنیا پر ثابت کر دی۔وسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام “بنیان مرصوص” اظہارِ یکجہتی ریلی پارٹی دفتر سے شروع ہو کر کینال روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے کہا کہ عوام کی اپنی مسلح افواج سے محبت مثالی ہے اور پوری قوم بھارت کے خلاف تاریخی فتح کا جشن منا رہی ہے۔فیصل میر کا کہنا تھا کہ پاکستان آج دنیا بھر میں سرخرو ہے جبکہ افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔





















