ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پیٹرولیم لیوی کی تفصیلات سیلز ٹیکس ریٹرن میں شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا۔آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کیلئے لیوی رپورٹنگ کا نیا نظام متعارف کرا دیا گیا۔
ترمیم کے تحت پیٹرولیم لیوی کی تفصیلات ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن میں شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی سے متعلق نئی ترامیم بھی شامل کی گئی ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اب سیلز ٹیکس ریٹرنز میں لیوی وصولی کی تفصیلات الگ سے ظاہر کرنے کی پابند ہوں گی جبکہ پیٹرولیم اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی رپورٹنگ اور نگرانی بھی سیلز ٹیکس سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پیٹرولیم لیوی کو سیلز ٹیکس ریٹرن سسٹم کے ساتھ مکمل طور پر مربوط کرنا ہے تاکہ حکومت کو ٹیکس اور لیوی کی وصولی شفاف اور مؤثر انداز میں یقینی بنانے میں آسانی ہو۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر پیٹرولیم اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی وصولی میں پیٹرولیم ڈویژن کے ایجنٹ کا کردار بھی ادا کرے گا جبکہ نئے نظام سے محصولات کی نگرانی اور ریکارڈ کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔




















