اسلام آباد کے علاقے میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے جس پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ ماہ نور کے والد نذیر مگسی کی مدعیت میں تھانہ پھلیلی میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں مقتولہ کے شوہر بلال شاہ، اس کی پہلی بیوی شفا اور اس کے والدین کو نامزد کیا گیا ہے۔
مدعی کے بیان کے مطابق ماہ نور نے 8 سال قبل پسند کی شادی کی تھی، تاہم اس کا شوہر بلال شاہ اسے آئے روز تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔
مدعی نے الزام لگایا کہ آج صبح بلال شاہ نے اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم بلال شاہ کے خلاف مختلف تھانوں میں 20 مقدمات پہلے سے درج ہیں جن میں قتل، اقدام قتل، پولیس پر حملہ، چوری، ڈکیتی اور منشیات کے کیسز شامل ہیں۔





















