موجودہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں تجارتی خسارے میں 20.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہانہ بنیاد پرتجارتی خسارے میں 43.50 فیصد تک کا نمایاں اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا اپریل تجارتی خسارے میں 20.28 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کی بنیادی وجہ برآمدات میں کمی اور درآمدی بل میں مسلسل اضافہ ہے۔
مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں تجارتی خسارہ بڑھ کر تقریباً 32 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5 ارب 49 کروڑ ڈالر زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق برآمدات 6.25 فیصد کمی کے ساتھ 25.10 ارب ڈالر تک محدود رہیں، جبکہ درآمدات 7.85 فیصد اضافے سے 57 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔
اگرچہ اپریل میں برآمدات میں 9.50 فیصد کی بہتری دیکھی گئی، تاہم اسی ماہ درآمدی بل میں 28 فیصد سے زائد اضافے نے تجارتی خسارے کے بوجھ کو مزید بڑھا دیا۔





















