کوئٹہ میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے لوکل کونسل ایسوسی ایشن بلوچستان کے سالانہ جنرل اجلاس میں صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کے چیئرمین اور میئرز سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد کے بابوَ خود کام کرتے ہیں نہ کسی اور کو کرنے دیتے ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بننے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ملک میں بجلی بحران کے سدباب کے لیے ضلعی سطح پر گرین انرجی پارکس بنائے گی، اور غریب خاندانوں کو ماہانہ 3 سو یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے۔
کوئٹہ میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے لوکل کونسل ایسوسی ایشن بلوچستان کے سالانہ جنرل اجلاس میں صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کے چیئرمین اور میئرز سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے مقامی حل پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بابوَ خود کام کرتے ہیں نہ کسی اور کو کرنے دیتے ہیں، بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواہ کی طرح پنجاب کی عوام میں بھی احساس محرومی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی بلدیاتی اداروں کو انتظامی اور مالی طور خودمختار بنانے میں یقین رکھتی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے میاں صاحب تیسری بار وزیراعظم بنے تو لوڈشیڈنگ ختم کی، سوچتا ہوں کون سا پاکستان ہے، جہاں 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن میں جیتنے کے بعد ان کی حکومت بجلی بحران کے حل کے لیے پبلک پارٹنرشپ موڈ کے تحت گرین انرجی پارکس منصوبے کو عملی جامہ پہنائے گی۔ مقامی سطح پر بجلی پیدا کریں گے اور مقامی آبادی کو سبسڈائیزڈ نرخ پر وہ بجلی فراہم کریں گے۔
پی پی پی چیئرمین نے بلدیاتی اداروں کے نمائندگان کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح کے نمائندے قرار دیا اور زور دیا کہ وفاقی خواہ صوبائی حکومتوں کو سالانہ بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں بلدیاتی اداروں کے نمائںدوں سے بھی مشاورت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مِل جل کر کام کرنے سے عوام کو درپیش بہت ساری مشکلاتوں کا حل نکالا جاسکتا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملے کو پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا چیلینج قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس حوالے سے مزید مشکلات سے سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔