بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں مٹی کا تودا گرنے سے ایک کان کن جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
لیویز کے مطابق ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں واقع ایک کوئلے کی کان میں مٹی کا تودا گرگیا، جس کے باعث وہاں کام میں مصروف 4 مزدور دب گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد کان میں پھنسے کان کنوں کو مزدوروں اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا۔
لیویز حکام کے مطابق حادثے میں ایک کان کن موقع پر جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے، جاں بحق کانکن کی شناخت حضرت کے نام سے ہوئی ہے، متوفی کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی مزدوروں کا تعلق سوات سے بتایا جاتا ہے، لاش اور زخمی کان کنوں کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے رول ہیلتھ سینٹر شاہرگ منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ ناقص حفاظتی انتظامات کے باعث بلوچستان میں کوئلے کی کانوں میں آئے روز حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں، جس کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔