پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے ) کی نجکاری کے متعلق اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق نگران حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے مالی بحران سے نمٹنے کے لئے مزید فنڈز دینے سے انکار کر دیا جبکہ قومی ائیر لائن کی نجکاری کاعمل ہنگامی بنیادوں پرشروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نجکاری کمیشن نے بھی پی آئی اے کو فنڈز کے اجراء کی مخالفت کی اور کہا کہ فنڈز کے بجائے ادارے کی نجکاری کاعمل تیز کیا جائے۔
سیکرٹری ہوابازی نے آپریشنز چلانے کیلئے پی آئی اے کو فنڈز جاری کرنے کی درخواست کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ پی آئی اے کی تشکیل نو کیلئے آٹھ سے دس ماہ درکارہوں گے جبکہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نجکاری کمیشن کے موقف کی حمایت کی۔
نگران وزیر اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کاعمل جنگی بنیادوں پرمکمل کرنے کی ہدایت بھی کردی۔