امریکا نے سکھ رہنماء کے قتل کی سازش کرنیوالے بھارتی دہشت گرد پر فرد جرم عائد کردی۔ امریکی پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم پر بھارت کے حکومتی اہلکار کے کہنے پر قتل کا منصوبہ بنانے کا الزام ہے۔
امریکا نے خالصتان تحریک سے تعلق رکھنے والے ایک سکھ رہنماء کے قتل کی سازش میں بھارتی شہری پر فرد جرم عائد کردی۔ امریکی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ نکھل گپتا پر بھارت کے ایک حکومتی اہلکار کے کہنے پر قتل کا منصوبہ بنانے کا الزام ہے، نکھل کو جون میں چیک ری پبلک سے گرفتار کیا گیا تھا۔
پراسیکیوٹر نے مزید کہا ہے کہ نکھل گپتا نے بھارتی نژاد امریکی گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کی، امریکی قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سازش کو ناکام بنایا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی ریاستی دہشت گردوں کینیڈا میں ایک سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کیا تھا، جس پر کینیڈا اور بھارت کے تعلقات انتہائی خراب ہوگئے تھے۔
کینیڈا نے کئی بھارتی سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا تھا جبکہ ہردیپ سنگھ کے قتل کی تحقیقات میں تعاون کیلئے بھارت پر شدید دباؤ تھا۔