نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ترقی کا مسئلہ ملک بھر کا ہے صرف بلوچستان کا نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ترقی کا مسئلہ ملک بھر کا ہے صرف بلوچستان کا نہیں ، ترقی کا نہ ہونا شرپسند عناصر کو تقویت دیتا ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم محدود ذرائع اور وقت کے ساتھ آئے ہیں ، بلوچستان کو ترقی دینے کے لیے مکمل کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے گمشدہ افراد کے بارے میں حکم دیا ، گمشدہ افراد کے اہل خانہ سے کھانے پر ملاقات کروں گا ، ہرکیس کو اس کی نوعیت کے مطابق دیکھیں گے اور لاپتہ افراد کے معاملہ پر حکومت کوشش کرے گی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن کیانی نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے تھے کہ لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو وزیراعظم پر مقدمے کا حکم دوں گا، وزیراعظم کو گھر جانا پڑے گا۔