سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ( سی پی پی اے ) کی اکتوبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولر اتھارٹی ( نیپرا ) میں سماعت مکمل ہوگئی ۔ سی پی پی اے کی جانب سے 3 روپے 53 پیسے کا اضافہ مانگا گیا ہے ۔
بدھ کو چیئرمین نیپرا کی زیرصدارت اکتوبرکے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ درخواست پرسماعت ہوئی جس کے حوالے سے نیپرا کیس آفیسر نے بتایا کہ سی پی پی اے نے 3 روپے 53 پیسے کا اضافہ مانگا ہے۔
نیپرا اتھارٹی کے مطابق اعداد وشمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق اضافے کے باعث مجموعی طور پر صارفین پر 32 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔
سماعت کے دوران نیپرا حکام کی جانب سے کہا گیا کہ اکتوبر 2022 کے مقابلے میں اکتوبر 2023 میں یونٹس کم فروخت ہوئے جس پر سی پی پی اے نے بتایا کہ ملک میں بجلی کی طلب ستمبر کے مقابلےمیں اکتوبر میں مزید کم ہوگئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال سے بجلی کی طلب 10 فیصد کم ہوئی ، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ آبادی بڑھ رہی ہے اور بجلی کی طلب کم ؟، جس پر سی پی پی اے حکام نے موقف اختیار کیا کہ اکتوبر 2023 میں 9 ارب 25 کروڑ بجلی کے یونٹس فروخت ہوئے ، پیداواری لاگت کے مطابق اضافہ 20 پیسے کا بنتا ہے ، پیداواری لاگت کے علاوہ جو شامل ہیں اس پراتھارٹی کو مطمئن کریں گے۔
سی پی پی اےحکام کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کیلئے 3 روپے 13 پیسے اضافہ موجودہ بل میں شامل ہوگا ، مجموعی طورپر 3 روپے 53 پیسے اضافے کی درخواست ہے ، 200 یونٹ تک والے صارفین پر 600 سے 700 کا بوجھ پڑے گا۔