ایران نے قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کی شہادت کی تصدیق کردی،ایرانی کمانڈرانچیف نے کہا علی لاریجانی کی شہادت پرفیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی حکام نے علی لاریجانی کے بیٹے مرتضیٰ کے شہید ہونے کی بھی تصدیق کردی ہے۔علی لاریجانی کو مشرقی تہران میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی بیٹی سے ملنے گئے ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ علی لاریجانی کے ایکس اکاؤنٹ سے بھی انکی شہادت کا اعلان کردیا گیا،بیان میں لکھا گیا ہے کہ خدا کا ایک بندہ، خدا سے جا ملا۔
قبل ازیں علی لاریجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہاتھ سے لکھا پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا لاریجانی کی شہادت سے نظام متاثر نہیں ہوگا،ایران کا نظام مضبوط،یہ شخصیات کےجانےسےکمزور نہیں ہوتا،نظام میں ہرشخص اپنی حیثیت کےمطابق کردار ادا کرتا ہے،امریکی اور اسرائیلی یہ کیوں نہیں سمجھتےکہ اس سےایران کمزورنہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز ایران کی قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی کو نشانہ بنانےکا دعویٰ کیا تھا۔
67 برس کے علی لاریجانی انقلابِ ایران کے بعد ابھرنے والی اہم سیاسی شخصیات میں شامل تھے۔،علی لاریجانی ایران کے طاقتور مذہبی و سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے،انہوں نے بطور اسپیکر پارلیمنٹ 12 سال تک مجلسِ شورٰی کی قیادت کی۔





















