وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر ایندھن کے ذخائر کا جائزہ لیا گیا اور سپلائی کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سپلائی چینز پر سخت نگرانی رکھیں تاکہ ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور صارفین کے مفاد کا تحفظ کیا جا سکے۔
نائب وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ وزارتِ پیٹرولیم اور متعلقہ محکمے مارکیٹ کی صورتحال پر قریبی نظر رکھیں اور رابطہ کاری کے نظام کو مضبوط کریں تاکہ ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی مستحکم رہے۔
اجلاس میں وزیرِپیٹرولیم، وزیرِماحولیاتی تبدیلی، وزیرِ اطلاعات و نشریات، وزیرِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، سیکریٹریز پیٹرولیم و آئی ٹی اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے دیگر سینیئر حکام بھی موجود تھے۔





















