پاکستان کیخلاف افغان سرزمین کا استعمال روکنے کیلئے اسلام آباد نے کابل کو سخت پیغام دیتے ہوئےحافظ گل بہادر کی حوالگی کا مطالبہ کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں افغان شہری کےسکیورٹی فورسز پر خودکش حملے پر افغان ناظم الامور کودفترخارجہ طلب کرکے بنوں حملے میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے ثبوت تھما دیئے گئے۔
اعلامیہ کے مطابق بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی ذمہ داری حافظ گل بہادر گروپ نے قبول کی تھی، جس پر افغان ناظم الامور سے ان دہشتگردوں کےسہولت کاروں اور خاص کر حافظ گل بہادر کی حوالگی کا مطالبہ کیاگیا۔
دفتر خارجہ نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئےافغان ناظم الامور پر واضح کیا کہ افغانستان سے پاکستان کے خلاف مسلسل منظم حملے ہو رہے ہیں،مطالبہ کیا گیا کہ افغان عبوری حکومت پاکستان کےخلاف افغان سر زمین کا استعمال روکے ،اورافغانستان میں موجود متحرک دہشتگردوں کی پناہ گاہیں فوری ختم کی جائیں۔
واضح رہے کہ بنوں میں دو روز پہلے فوجی قافلے کے قریب ہونے والے خود کش حملے میں دو شہری شہید اور تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے اور اسکا خود کش حملہ آور افغان شہری نکلا تھا ۔