چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ بھارت افغانستان میں اپنے قونصل خانوں کی آڑ میں دہشتگردی کروا رہا ہے جو پاکستان کے دشمن ہیں وہ دہشتگرد ہیں،افغانستان کو کہا تھا کہ پراکسی نہ بنیں، بیرسٹر گوہر نے ایران پر حملوں کی بھی شدید مذمت کی۔
راولپنڈی میں داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ میسج دیا گیا تھا کہ وزیراعظم اسمبلی آئے تو ملاقات ہو جائے گی اس کے باجود ملاقات نہیں ہو سکی۔ ملاقاتیں ہوں یا مذاکرات اس میں سنجیدگی ضروری ہے۔ ہماری کوئی شرائط نہیں ہم نے ہمیشہ تحفظات کا اظہار کیا مگر مئی میں بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوئے، معرکہ حق میں اللہ نے ایسی کامیابیاں دیں کہ تاریخ رقم ہوئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی خطے کے حوالے سے مؤقف دے چکی ہے۔ جو پاکستان کے دشمن ہیں وہ دہشتگرد ہیں۔ ایران پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، رجیم چینج کی بات غط ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کا اسٹاک حکومت کے پاس ہوتا تو ایسے حالات نہ ہوتے۔ آپ بیشک آن لائن کام کروا لیں مگر اپنی شاہ خرچیوں کو بند کریں۔





















