پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر کی ہدایت پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے گورننس منیجمنٹ اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹیز تشکیل دے دیں۔ کھیل اور انتظامی امور الگ الگ کمیٹیاں دیکھیں گی۔
سابق اولمپینز حسن سردار اور اصلاح الدین کی مشترکہ سربراہی میں پیشہ ورانہ ترقیاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق یہ کمیٹی قومی ٹیم کے انتخاب، خصوصی تربیتی نظام کی نگرانی اور کوچز و کھلاڑیوں کے لیے سخت اور شفاف معیار کے تعین کی ذمہ دار ہوگی ۔ طویل المدتی انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے پیشہ ورانہ مشاورتی کمیٹی بھی حسن سردار اور اصلاح الدین کی سربراہی میں کام کرے گی۔
اس کمیٹی کے دیگر ارکان کا تقرر باہمی مشاورت سے کیا جائے گا تاکہ میرٹ اور تجربے کو اولین ترجیح دی جا سکے۔ پی ایچ ایف نے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تکنیکی شعبے سے الگ کر دیا۔
گورننس کمیٹی میں فرخ عتیق کو انسانی وسائل اور مالیات، شکیل شاہ کو محکمانہ رابطہ کاری اور رسائی، عامر ابراہیم کو کاروباری اور تشہیری معاونت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ غلام علی ملاح اسکول و کالج کی سطح پر ہاکی کے فروغ جبکہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اکمل عزیز ادارہ جاتی ہم آہنگی کے امور دیکھیں گے۔






















