پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ قائد ( ن ) لیگ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی بحرانوں میں گھرے پاکستان کے لئے طلوع سحر ہے۔
مسلم لیگ ( ن ) کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر سے قوم اور وطن کو مشکلات سے نکالنے کے لئے آ رہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کا اہم مشاورتی اجلاس شروع
— PMLN (@pmln_org) September 14, 2023
پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں https://t.co/NbBGmTdvgv pic.twitter.com/B9yG9hVjOH
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے ریلیف کے لئے نہیں بلکہ قوم کو تکلیف سے نجات دلانے کے لئے وطن واپس آرہے ہیں، ملک کو انتقام نہیں بلکہ اتحاد، امن اور معاشی ترقی کا ایجنڈا چاہیے، عوام نواز شریف کو دو تہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں، وعدہ ہے کہ معاشی بدحالی ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر نواز شریف نے متحد کیا، عوام چالبازوں ، فراڈیوں ، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پرا پیگنڈے سے ہوشیار رہیں، پورے ایمان کے ساتھ یقین دلاتی ہوں پاکستان اور عوام کے اچھے دن آنے والے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام انتخابات میں شیر پر نشان لگائیں، یہ نشان شیر پر نہیں بلکہ آپ اپنی محرومیوں ، معاشی بدحالی کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی پر لگائیں گے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں، سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی جانب سے بھی نواز شریف کے حق میں دھواں دھار تقریریں کی گئیں اور اجلاس کے شرکاء نے پارٹی قائد کی آمد پر بھرپور جوش وجذبے کا اظہار کیا۔
ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے نواز شریف کے حق میں بھرپور جذبات اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے وطن واپسی پر ان کا تاریخی استقبال کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس موقع کو تاریخی بنانے اور تیاریوں کے حوالے سے اپنی تجاویز اور آراء بھی پیش کیں۔