سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو جیل میں بی کلاس فراہم کردی گئی۔
پیر کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں فواد چوہدری کو جیل میں سہولیات اور وکلا و فیملی ارکان سے ملاقات کی اجازت دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران عدالتی حکم پر چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق اسلام آباد پیش ہوئے۔
چیف کمشنر نے فواد چوہدری کی درخواست پر عمل درآمد رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جس پر جسٹس میاں گل حسن نے چیف کمشنر کو ہدایت کی کہ آپ کی رپورٹ آگئی ہے ،ٹھیک ہے آپ جا سکتے ہیں۔
عدالت نے فواد چوہدری کو جیل مینوئل کے مطابق طبی سہولیات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا جبکہ انہیں جیل میں فیملی اور وکلاء سے ملاقات کی بھی اجازت دے دی۔
بعدازاں، عدالت نے فواد چوہدری کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔