بھارت کے پنجابی فلموں کے اداکار گرچیت چترکار نے گوردوارہ ننکانہ صاحب میں مذہبی رسومات ادا کیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سکھ مسلم دوستی ہمیشہ سے چلتی آرہی ہے، پاکستان میں بے پناہ محبت ملی۔
بھارتی پنجابی فلموں کے اداکار گرچیت چترکار نے گوردوارہ ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور وہاں جنم استھان میں مذہبی رسومات ادا کیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے پنجابی فلموں کے اداکار گرچیت چترکار نے کہا کہ سکھ مسلم بھائی چارہ مثال ہے، سکھ مسلم دوستی ہمیشہ سے چلتی آرہی ہے، کوئی سکھوں اور مسلمانوں کو الگ نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بے پناہ محبت ملی، پاکستان میں ملنے والا پیار ہمیشہ یاد رہے گا۔
واضح رہے کہ ننکانہ صاحب میں سکھوں کے اہم مقام گردوارہ میں پاکستان اور بھارت سے ہر سال لاکھوں کی تعداد میں سکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کرنے آتے ہیں۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے بابا گرونانک کے جنم دن پر آنیوالے سکھ یاتریوں کے وفد نے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے سکھ یاتریوں کی تجاویز اور سفارشات نوٹ کیں اور عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ ویزے کے معاملے سمیت دیگر مسائل بھی حل کریں گے، بزرگوں کو خوش آمدید، نوجوانوں کو بھی آنا چاہئے۔
سکھ یاتریوں میں شامل گیان سنگھ گل نے کہا کہ ہوٹل پر کھانا کھانے گئے تو کسی بھائی نے ہمارا بل دے دیا، پاکستان کا گڑ بہت اچھا اور مزیدار ہے، کینیڈا میں پاکستان کی تجارت بہت بہتر ہوسکتی ہے۔ پریت کور اوجلہ نے کہا لاہوریے شہد سے بھی میٹھے ہیں۔