اٹوٹ رشتوں،لازوال محبتوں کی تجدید کا دن،ملک بھر میں آج مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جارہا ہے۔
آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے،مظفر آباد میں صبح نو اور دس بجے کے درمیان سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
کہیں جلسے تو کہیں مظاہرےاورکہیں انسانی ہاتھوں کی زنجیریں ظالم بھارت کو پیغام دے رہی ہے کہ وہ کچھ بھی کرلے۔ اس کے جبر اور تسلط کا خاتمہ ہوکر رہے گا،وزیراعظم اظہاریکجہتی کیلئے آج آزاد کشمیر جائیں گے۔
5 فروری 1931 تاریخ کا ایک سیاہ دن،جب مہاراجہ ہری سنگھ کےخلاف تحریک کے دوران 21 کشمیریوں کوشہید کردیا گیا،حکیم الامت،شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے ہندوستان بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منانے کی کال دی،اور کشمیریوں نے اپنی آزادی کی جدوجہد کا آغاز کیا،ہزاروں کشمیریوں کے لہو سے رنگین یہ عظیم جدوجہد آج بھی جاری ہے،مقبوضہ کشمیرکےمظلوم عوام بھارتی سامراج کے خلاف آزادی کےلیے لڑ رہے ہیں۔
آزادی کی اس جنگ میں مظلوم کشمیری تنہا نہیں،پاکستان سمیت دنیا بھر کےعوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیریوں کیلئےحق خود ارادیت ہی خطےمیں امن اوراستحکام کاضامن ہے،اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی مجرمانہ خاموشی،دنیاکیلئےلمحہ فکریہ ہے،لیکن وہ صبح دورنہیں جب سورج کشمیریوں کیلئےآزادی اورخودمختاری کا پیغام لے کر طلوع ہوگا۔
صدر و وزیراعظم کایومِ یکجہتیٔ کشمیرکےموقع پرپیغام
صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیغام میں کہا آج کےدن دنیا بھر کے پاکستانی کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کااعادہ کرتےہیں،یہ حمایت سلامتی کونس کی قراردادوں کےمطابق حق خودآرادیت کیلئے ہے،1989ءمیں شہیدمحترمہ بینظیر بھٹونےاس دن کےباقاعدہ انعقاد کاآغازکیاتھا،تقریباً8دہائیوں سے بہادر کشمیری غیرقانونی بھارتی قبضےکیخلاف ڈٹےہوئےہیں،اس دن اُن کےعزم، حوصلے اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نےمقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے ۔ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرعسکری قیادت کا پیغام
افواجِ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیافیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ائیر چیف نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نےکہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔ بھارت کی جانب سے کشمیر کا آبادیاتی و سیاسی تشخص بدلنے کی کوششیں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، عالمی برادری کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ آزادی اور وقار کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔





















