سعودی عرب میں سنگین بغاوت کے الزام میں وزارت دفاع کے 2 اہلکاروں کو سزائے موت دیدی گئی، ان کی سزا پر طائف میں عملدرآمد کیا گیا۔
عرب میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزارت دفاع کے دو اہلکاروں پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل ماجد بن موسیٰ عواد البلوی اور چیف سارجنٹ یوسف بن رضا حسن العزونی نے اپنی فوجی حیثیت میں کئی بڑے فوجی جرم کئے۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان کو ملک سے بغاوت، قانون کی حکم عدولی، قومی اتحاد پامال کرنے اور انتشار پھیلانے کے اقدامات کے علاوہ، بطور فوجی اپنے حلف کو توڑنے کے حوالے سے قابل اطلاق ضوابط کے تحت اسلامی قانون کی تعمیل میں شرعی احکامات کے مطابق سزائے موت دی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق دونوں افسران کو 24 ذی الحج اور 25 ذوالحجہ 1438 ہجری (جولائی) میں گرفتار کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے ملزم کو تحقیقات کے بعد فوجی غداری کا ارتکاب کرنے ، قومی مفادات اور فوجی خدمات کے اعزاز کے تحفظ میں ناکامی کی سزا ملی، جبکہ دوسرے کو اعلیٰ، قومی اور فوجی زمروں میں غداری کا مرتکب پایا گیا۔
وزارت دفاع کے مطابق ابتدائی فیصلے کے بعد ملزمان کو عدالت میں اپیل کا حق دیا گیا، تاہم دونوں ملزموں کے اعتراف جرم اور تمام شواہد دیکھنے کے بعد قانونی تقاضوں کے مطابق سزائے موت کا فیصلہ جاری کیا گیا۔