امریکا نے بحری بیڑے کی طرف آنیوالا ایرانی ڈرون مار گرایا۔
امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایف 35طیارے کے ذریعے ڈرون کو تباہ کردیا، ایران ڈرون بحری بیڑے سے کئی کلومیٹر دور تھا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق ایرانی ڈرون کو مار گرانے کا سینٹ کام کا فیصلہ درست تھا، ایران کے ساتھ مذاکرات اسی ہفتے ہوں گے، ایران کے ساتھ مذاکرات کی دوبارہ بحالی سے پُرامید ہیں۔
دوسری جانب ایران اور امریکا ایٹمی پروگرام پر بات چیت کیلئے رضامند ہوگئے۔ دونوں ملک جمعے کو استنبول میں مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے۔
ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ دوست ممالک کے کہنے پر مذاکرات کی امریکی پیشکش پر غور کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر خارجہ کو بات چیت کیلئے ماحول سازگار بنانے کی ہدایت کی ہے۔ مذاکرات میں ایران کے قومی مفادات کو مقدم رکھا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ کوئی عزت سے پیش آئے تو ہم بھی عزت دیں گے۔ دھمکیوں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ عباس عراقچی نے کہا کہ سازش ناکام ہونے کے بعد امریکا پھر سے مذاکرات کے میز پر آگیا۔
امریکی صدر نے بھی ایران سے مذاکرات کی تصدیق کردی، وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ مذاکرات کامیاب ہوجائیں تو سب کیلئے بہتر ہے۔ ورنہ بہت برا ہوگا۔





















