کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد مارے گئے۔
بلوچستان کےمختلف علاقوں میں بدھ کے روز بی ایل اے سے منسلک غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورک کی جانب سے کیے گئے حملے سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کےمطابق سریاب کےعلاقے میں سی ٹی ڈی نےخفیہ اطلاع پرکارروائی کی،فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد مارے گئے۔
دہشت گردوں کےزیرانتظام کمپاونڈ سے اسلحہ ،دستی بم اورکالعدم تنظیم کا لیٹریچربرآمدکرلیاگیا،علاقے کو گھیرےمیں لیکرکمپاونڈ کو کلیئر کیا جارہا ہے۔
نوشکی میں دہشتگردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹر پر فائر ریڈ کیا، تاہم مستعد اہلکاروں کی بھرپور جوابی کارروائی کے باعث حملہ آور فرار ہو گئے اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔
دالبندین میں ایف سی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کے دوران دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کلیئرنس آپریشن شروع کیا، صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں رہی۔
قلات میں دہشتگردوں نے ڈپٹی کمشنر آفس اور پولیس لائنز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا اور دہشتگردوں کو پسپا کر دیا۔
پسنّی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی تنصیب پر دور سے فائرنگ کی کوشش کی گئی جبکہ گوادر میں مزدوروں کی کالونی کو نشانہ بنانے کی سازش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس اور ایف سی نے دونوں مقامات پر بروقت کارروائی کی۔
اسی طرح بلیچہ، تمپ، مستونگ اور خاران میں سکیورٹی پوسٹوں پر گرنیڈ اور فائر ریڈ کی کوششیں بھی ناکام بنا دی گئیں۔
حالیہ حملےسکیورٹی فورسز کی جانب سے گزشتہ دنوں میں بلوچستان بھرمیں 50 سے زائد دہشتگردوں کے خاتمے کےبعد کیےگئے، جو دہشتگرد نیٹ ورکس کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔
حکام کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں عوام کے تحفظ اور دہشتگردی کےمکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اورغیرملکی حمایت یافتہ نیٹ ورکس کےخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی،پاکستان دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔






















