سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) نے افغانستان سے پاکستان کی فضائی حدود میں آنے والی پروازوں کے لیے نئی ہدایات جاری کر دیں۔
سوی ایوی ایشن حکام کے مطابق کابل میں تاحال ایئر ٹریفک سروس معطل ہے ، افغانستان سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پندرہ منٹ قبل پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول کو آگاہی دینی ہوگی ۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افغانستان سے پاکستان فضائی حدود میں داخل ہونے کے لیے فریکوئنسی بھی جاری کردی جس کے ذریعے ہی افغانستان سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والی پروازوں کو رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
سول ایوی ایشن کے مطابق افغانستان اور سینٹرل ایشین ممالک سے آنے والی پروازوں کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد فلائٹ انفارمیشن ریجن سے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
مشرق سے افغانستان جانے کے لیے پروازوں کو اسلام آباد کراچی اور لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن رہنمائی فراہم کریں گی جبکہ افغانستان جانے والی پروازیں اپنے رسک پر جاسکتی ہیں۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم جاری کرکے تمام ایرلائنز کو آگاہ کردیا۔