پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات ہوئی۔ علی پرویز ملک نے فیوچر منرلز فورم کے کامیاب انعقاد پر سعودی عرب کو مبارکباد پیش کی۔ کہا ریاض میں ہوئے فیوچر منرلز فورم نے توانائی تعاون کیلئے اہم پلیٹ فارم فراہم کیا، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کی صورت میں عملی نتائج میں تبدیل ہوں گے۔
ملاقات میں سعودی سفیر نے فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے مسلسل روابط اہم ہیں۔





















