صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران یو اے ای کے نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات ہوئی ہے جس دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی،تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر زرداری نے شیخ راشد المکتوم کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق زبیل پیلس میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر، فوڈ سیکیورٹی، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی۔صدر آصف علی زرداری نے دبئی کو سیاحت، معیشت اور جدید ٹیکنالوجیز کا عالمی مرکز بننے پر شیخ محمد بن راشد المکتوم کی قیادت کو سراہا۔
صدر نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور نجکاری سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔





















