سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے مستونگ میں حافظ حمد اللہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
مستونگ میں گاڑی کے قریب دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنماء حافظ حمد اللہ سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
مستونگ واقعے پر مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حافظ حمد اللہ سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، صوبائی نگران حکومت واقعے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل جے یو آئی قائدین پر ایسے حملے کسی صورت قابل قبول نہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال مئی میں ژوب میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی گاڑی کے قریب بھی دھماکا ہوا تھا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے تاہم امیر جماعت اسلامی محفوظ رہے تھے۔