جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوگیا جبکہ جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں تجارتی خسارے میں سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی۔
مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 8 فیصد کا اضافہ جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 31 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک اور پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں انڈونیشیا، ملائیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ اور جنوبی مشرقی ایشیاء کے دیگر ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 420.87 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک کو برآمدات سے ملک کو 390.56 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو 135.88 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو ستمبر میں 99.75 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اکتوبر میں 88.24 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023ء میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.297 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 31 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جولائی سے اکتوبر تک کی مدت میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک سے درآمدات پر 2.330 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.049 ارب ڈالر تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک سے درآمدات کا حجم 658.62 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر میں 492.68 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اکتوبر میں 594.89 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023ء میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک سے درآمدات پر 7.455 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔