نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دبئی میں قیام کے دوران ایرانی اور ترک وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران غزہ پیس آف بورڈ کےمسودے پر دستخط کے بعد کی پیشرفت پر گفتگو کی گئی جبکہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں ایران سے متعلق قرارداد کے خلاف ووٹنگ اور ووٹ کے مطالبے سمیت پاکستان کے مضبوط مؤقف پر سینیٹر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے گہری قدردانی کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دوسری طرف نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کو ٹیلی فون کیا۔ ٹیلی فونک گفتگو میں ڈیووس میں غزہ پیس آف بورڈ کےمسودے پر دستخط کےبعد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔






















