چلتی ٹرین میں خاتون مسافر کو تھپڑ مارنے اور مسافروں سے جھگڑے کے واقعے پر ریلوے انتظامیہ نے اسپیشل ٹکٹ ایگزامینر کو معطل کرتے ہوئے انکوائری شروع کر دی ہے۔ ڈویژنل کمرشل آفیسر کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق یہ واقعہ پاکستان ایکسپریس ٹرین میں اس وقت پیش آیا جب سامان راستے میں رکھنے پر تلخ کلامی شروع ہوئی۔ مسافروں کی جانب سے ویڈیوز بنانے پر معاملہ مزید بڑھ گیا اور نوبت ہاتھاپائی تک جا پہنچی، جس کے باعث ٹرین کچھ دیر کے لیے رکی بھی رہی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر مسافروں نے مداخلت کرکے جھگڑا ختم کرایا۔ واقعے کے بعد مسافروں کی شکایات پر ریلوے انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ٹکٹ ایگزامینر کو معطل کر دیا۔
ریلوے حکام کے مطابق پیر کے روز انکوائری ٹیم کے سامنے ڈیوٹی پر موجود ٹکٹ ایگزامینر، پولیس اہلکار اور ٹرین گارڈ پیش ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ چار سے پانچ روز قبل پیش آیا تھا، جس کی اب باضابطہ تحقیقات جاری ہیں۔





















