بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکے کے نتیجے میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مستونگ میں گاڑی کے قریب دھماکے میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق زخمیوں میں جے یوآئی رہنماحافظ حمداللہ بھی شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ مستونگ کے مطابق حافظ حمداللہ جمعرات کو منگوچر جارہے تھے کہ اچانک سڑک کنارے نصب بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں حافظ حمد اللہ،محمد یوسف،قدرت اللہ،حافظ رحیم بخش،محمد عامر،محمد یوسف،حاجی احمد ،عبدالقادر اور علیمہ زخمی ہوگئے،جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے کوئٹہ ریفرکردیا گیا۔
ترجمان جمعیت علماء اسلام اسلم غوری نے حافظ حمداللہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے،ترجمان کے مطابق حافظ حمداللہ کوزخمی حالت میں کوئٹہ اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، حافظ حمداللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے حافظ حمداللہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے، ترقی و امن دشمنوں سے کسی صورت نرمی نہیں برتی جائے گی۔