پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ایکٹ 2025، گھریلو تشدد کی روک تھام اوردانش اسکولزاتھارٹی ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور ہوگئے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایوان نے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ایکٹ 2025 اور گھریلو تشدد کی روک تھام ، بل پرصدرمملکت آصف علی زرداری نے اعتراض عائد کیے تھے، تحفظات کو دور کرکے مسودہ بل ایوان کے سامنے پیش کیا گیا۔ ایوان نے شق وار رائے کے بعد بل کی باضابطہ منظوری دے دی۔
ایوان نےاپوزیشن کےاحتجاج اور ہنگامے میں دانش اسکولزاتھارٹی بل کثرت رائے سے منظورکیا، ترمیم کے مطابق دانش اسکولز کا قیام متعلقہ صوبائی حکام کی منظوری سے مشروط کیا جائے گا۔
اجلاس میں سانحہ گل پلازہ پر اظہار ہمدردی، یکجہتی اور افسوس کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی، قرارداد ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے پیش کی گئی۔ قرارداد کے مطابق یہ ایوان سانحہ گل پلازہ پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتا ہے۔






















