کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے کے دوران بھگدڑ مچنے اور دم گھٹنے سے کم از کم 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کے بعد پلازہ میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا جس کے باعث بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوئی۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ایک زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دکانوں میں لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، جنہیں بحفاظت نکالنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔ آگ گل پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی، جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی روانہ کی گئی، بعد ازاں مزید گاڑیاں طلب کرلی گئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 5 فائر ٹینڈرز آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں مشترکہ طور پر صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔





















