بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور آئی سی سی حکام کے درمیان ہونے والے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ اجلاس میں آئی سی سی کے ڈائریکٹر سیکیورٹی نے بی سی بی حکام کو ٹیم کی مکمل سیکیورٹی پلاننگ اور متبادل وینیوز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بریفنگ کے جواب میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات پر اپنے دلائل پیش کیے۔ بی سی بی حکام نے مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل سے متعلق معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے عہدیداروں کے بیانات اور احتجاج کے شواہد بھی اجلاس میں رکھے۔
ذرائع کے مطابق بی سی بی نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر گروپ تبدیل کرنے کی تجویز دے دی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کو گروپ سی سے گروپ بی میں منتقل کرنے کی تجویز پیش کی۔
یاد رہے کہ:
گروپ سی میں بنگلہ دیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، اٹلی اور نیپال شامل ہیں اور اس گروپ کے تمام میچز انڈیا میں شیڈول ہیں۔
گروپ بی میں سری لنکا، آسٹریلیا، عمان، آئرلینڈ اور زمبابوے شامل ہیں جبکہ اس گروپ کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار نہ رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ حتمی فیصلے سے قبل آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے مشاورت اور بی سی سی آئی سے بات چیت کے لیے مزید وقت مانگ لیا گیا ہے۔




















