سابق وزیراعظم واسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے سماء ٹی وی کے پروگرام دو ٹوک میں اینکر کرن ناز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو میچیور ہیں، ہمارے وزارت عظمیٰ کے اُمیدوار وہی ہوں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نےکہا کہ باپ بیٹے میں کیسا اختلاف ہوسکتا ہے بلاول کو وزیراعظم دیکھنا،سب سے زیادہ خواہش ہی زرداری صاحب کی ہوگی،بینظیر بھٹو نے پارٹی خود آصف زرداری کے حوالے کی تھی،اگر بلاول کو لگتا ہے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تو الیکشن کمیشن کو دیکھنا چاہیے، زرداری صاحب چاہتے ہیں کسی بھی صورت الیکشن متنازع نہ ہو۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ 13سیاسی جماعتوں نے مل کر حکومت بنائی جو 16 مہینے کامیابی کے ساتھ چلی ہے میاں صاحب کے لاڈلے ہونے کی باتیں الیکشن مہم کا حصہ ہیں پارٹی میں نوجوان، متحرک اور تجربہ کار دونوں طرح کے لوگ ہونے چاہئیں ،پارٹیز میں الیکٹیبلز کا شامل ہونا عوام میں منفی تاثر بن چکا ہےراجا ریاض کی بات نہیں کرتا،لیکن یہ طرز سیاست مجھے سخت ناپسند ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ 9مئی کے کردار پاکستان دشمن ہیں،سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔اگر اُس دن فوج ردعمل دیتی تو ملک بھر میں فسادات ہوجاتے، پی ٹی آئی کو کیا تکلیف تھی ان کا کون مرا تھا جو یہ سب کچھ کیا؟ چیئرمین تحریک انصاف سیاستدان نہیں ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا الیکشن کے حوالے سے کہنا تھا کہ آئین کے تحت الیکشن کی تاریخ کا اختیار صدر کا تھا اوراس بار بھی تاریخ انہوں نے ہی دی۔