پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی گورننگ کونسل کا اجلاس کل تک کے لیے موخر کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل مینجمنٹ اور فرنچائزز کے درمیان ہونے والا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں پی ایس ایل مینجمنٹ نے فرنچائزز کو ڈرافٹنگ اور آکشن کے ممکنہ طریقۂ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں اس بات پر تبادلۂ خیال کیا گیا کہ پی ایس ایل میں ڈرافٹنگ کا نظام برقرار رکھا جائے یا آکشن کا طریقہ اپنایا جائے، جس پر تمام فرنچائزز کی رائے لی گئی۔ پی ایس ایل مینجمنٹ نے فرنچائزز کے سامنے ڈرافٹنگ اور آکشن کے مختلف ماڈلز بھی پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق فرنچائزز نے ان ماڈلز کو جانچنے اور بہتر طور پر سمجھنے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پی ایس ایل کے 11ویں سیزن میں ڈائریکٹ سائننگ کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرانی فرنچائزز زیادہ ریٹینشن جبکہ نئی فرنچائزز کم ریٹینشن کے حق میں ہیں۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کی، جنہوں نے تمام فرنچائزز کے مؤقف کو توجہ سے سنا۔
چیئرمین پی سی بی نے فرنچائزز کو ایک شاندار پی ایس ایل کرانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ’’آپ کو ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں، سب کو راضی رکھیں گے۔‘‘





















