وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ اب بطور مینٹور پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کا حصّہ بنیں گی۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں سینئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے انکی پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) میں بطور مینٹور دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، وزیراعظم کےمیڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشرحسن بھی موجود تھے۔ عطاء تارڑ نے عشرت فاطمہ کی جانب سے پی ٹی وی میں دوبارہ خدمات انجام دینے کی درخواست قبول کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر نےکہا کہ عشرت فاطمہ کا وسیع تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارت نئے آنے والے نیوز کاسٹرز کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگی،خاص طور پرمختلف حالات میں خبروں کی پیشکش اور نشریات کے تقاضوں کو سمجھنے میں۔
انہوں نےعشرت فاطمہ کو ایک سینئر اور باوقار نیوز کاسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کیریئر شاندار اور قابلِ تقلید ہے،انکی آواز ہر پاکستانی کے لیے مانوس ہےکیونکہ وہ ساڑھے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک قوم کو باخبر رکھنے کی خدمات انجام دیتی رہی ہیں،عشرت فاطمہ کی پی ٹی وی میں واپسی ادارے کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند قدم ہے، جو نشریاتی معیار کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔





















