گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہو رہی ہیں، اسرائیل ،بھارت افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کرتے ہیں، پاکستان نے اس حوالے سے تمام عالمی فورمز پر ثبوت دیئے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلٰی خیبرپختوا آئی جی پولیس سے پوچھیں کہ کون دہشتگردی کر رہا ہے، کیا دہشت گردی پیپلزپارٹی اور ن لیگ کر رہی ہیں؟ ، سہیل آفریدی کا افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے ثبوت مانگنا افسوسناک ہے، سہیل آفریدی بتائیں ڈی آئی خان پولیس ٹریننگ اسکول حملے میں کون ملوث تھا، بتائیں کیڈٹ کالج وزیرستان اور ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملوں میں کون لوگ ملوث تھے، ٹانک حملےمیں 6 پولیس اہلکار شہید ہوئےتو ٹی ٹی پی نےاپنی ویب سائٹ پر ویڈیو لگائی، دہشت گردی کے اِن واقعات کے بعد سہیل آفریدی کو کون سے ثبوت چاہئیں، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے مطالبات کیے جاتے ہیں۔
گورنر کے پی کے کا کہناتھا کہ سانحہ 9مئی میں سہیل آفریدی سمیت جو بھی ملوث ہیں اُنہیں سزا ہونی چاہیے، عدالتیں سانحہ 9مئی کیسز کے فیصلوں میں سستی سے کام لے رہی ہیں، سانحہ 9مئی کےملزمان کو جلد سزائیں ہوتیں تو ایسےحالات نہ دیکھنا پڑتے، عدالتوں سے درخواست ہے سانحہ نومئی کےملزمان کو جلد سزائیں دی جائیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بتائے کہ 13 سال میں کون سا ایک اسپتال بنایا، مذاکرات سے پہلے پی ٹی آئی فیصلہ کرے اختیار کس کے پاس ہے، پی ٹی آئی میں لیڈر کون ہے ؟ مجھے معلوم نہیں ، ایک طرف مذاکرات کی بات دوسری طرف انتشار کرنے کی ٹویٹ آتی ہے۔






















