مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت شفیع جان کا کہنا ہے کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کو متحد ہونا پڑےگا، سب کوایک میز پر بیٹھ کر پالیسی بنانا پڑے گی۔
سماء کے پروگرام "ندیم ملک لائیو" میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کےساتھ بیٹھنا ہوگا۔ مزید کہا کہ سندھ میں سہیل آفریدی نے اسٹریٹ موومنٹ کو لیڈ کیا، نمائش پرجلسے میں تاریخی مناظر تھے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا رویہ2دن اچھا تھا، سندھ حکومت پر اوپر سے دباؤ آیا تو انہوں نے حرکتیں شروع کیں۔ سندھ،کراچی کے عوام نے سندھی اجرک اور ٹوپی کی عزت رکھی۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عابد شیرعلی نے کہا کہ شفیع جان کی رائے کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایران میں جنگ چھڑتی ہے تو پاکستان پر اثرات ہوں گے، خدانخواستہ تیسری عالمی جنگ بھی چھڑسکتی ہے، سیاسی جماعتوں کواپنی آرمڈ فورسز کا ساتھ دینا چاہیے۔ پاکستان کو موجودہ صورتحال میں مؤثر حکمت عملی بنانی چاہیے۔





















