چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ورلڈ لبرٹی فنانشل امریکا کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ آرمی چیف سے ملاقات میں سرمایہ کاری اور فِن ٹیک شعبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وفد نے پاکستان کے فن ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا جس دوران چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ امریکی وفد کی قیادت کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زیکری وِٹکوف نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے بدلتے معاشی منظرنامے، بین الاقوامی نجی سرمایہ کاری اور فِن ٹیک شعبے میں سرحد پار ڈیجیٹل فنانس کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے پاکستان کے فِن ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ زیکری وِٹکوف کا کہنا تھا کہ پاکستان مستقبل کے تقاضوں کے مطابق معاشی ترقی کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان معاشی استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور قومی ترقی کو مستحکم بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔





















