مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہواہے ، فلائٹس ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق خطے میں ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کیلئے فلائٹ آپریشن تیسرے روز بھی معطل رہا ، لاکھوں مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
فلائٹ ریڈار ٹونٹی فور کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار دنوں میں مشرقِ وسطیٰ کے سات بڑے ایئرپورٹس پر 9 ہزار پانچ سو سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں۔ 28 فروری کو چودہ سو سے زائد جبکہ یکم اور دو مارچ کو مجموعی طور پر 34 سو پروازیں منسوخ ہوئیں۔ تین مارچ کو 1300پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ پیر کے روز بھی تقریباً 3500 پروازیں شیڈول سے ہٹا دی گئیں۔
ایران، امارات، قطر، بحرین، کویت، عراق، شام، اردن اور اسرائیل کی فضائی حدود بند رہنے سے خطے بھر میں تقریباً دس ہزار پروازیں متاثر ہوئیں۔ لبنان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال کی گئی جہاں بیروت ایئرپورٹ سے 34 پروازیں آپریٹ ہوئیں۔ دوسری جانب پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کیلئے فلائٹ آپریشن تیسرے روز بھی معطل رہا اور منسوخ پاکستانی پروازوں کی تعداد پانچ سو تک پہنچ گئی۔
پیر کے روز مزید ایک سو چوہتر پروازیں منسوخ کی گئیں۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں سے دبئی، دوحا، ابوظبی، ریاض اور کویت کی پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ایک بین الاقوامی پرواز کی منسوخی پر ایک سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک نقصان ہوتا ہے۔ اور نو ہزار پانچ سو پروازوں کی منسوخی سے ایئرلائنز کو پچانوے کروڑ سے ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر تک ممکنہ مالی نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے۔




















