نئے مالی سال کا بجٹ اسٹریٹیجی پیپر 10 مئی تک منظور کرنا لازم قرار دیدیا گیا، دستاویز میں حکومتی آمدن، اخراجات اور ترجیحات کا تعین ہوگا ، وزارت خزانہ نے ترمیم شدہ، اپ ڈیٹڈ پبلک فنانس منیجمنٹ ایکٹ دو ہزار چوبیس بھی جاری کردیا ہے ۔
وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق تمام سرکاری اخراجات بجٹ اسٹریٹیجی پیپر کے مطابق ہوں گے، تین سال کا میڈیم ٹرم بجٹ تخمینہ اورپرفارمنس بیسڈ بجٹنگ پلان کا حصہ ہوگا۔ ہنگامی ذمہ داریوں اور مالیاتی رسک کی تفصیلات بھی بجٹ میں شامل ہوں گی ۔۔ ٹیکس اخراجات کی تفصیلات بھی نئے فنانس بل کا حصہ ہوں گی، اضافی یا زائد اخراجات پر ضمنی یا زائد بجٹ منظوری کیلئے اسمبلی میں پیش کرنا لازمی ہوگا ۔
تمام وزارتیں اپنی اپنی متوقع بچت اکتیس مئی تک فنانس ڈویژن کو واپس کریں گی ، دستاویز کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں کیلئے تکنیکی منظوری لازمی قرار دے دی گئی، کیش منیجمنٹ، ٹریژری سنگل اکاؤنٹ کیلئے نئے قوائد بنائے جائیں گے، وزارت خزانہ کے مطابق ترمیم شدہ پبلک فنانس منیجمنٹ ایکٹ دیگر متضاد قوانین پر فوقیت رکھے گا، ترامیم کا مقصد شفافیت، فنڈزنگرانی اور ریونیو سسٹم مضبوط بنانا ہے ۔






















