سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے عوام کو غیرقانونی آن لائن سرمایہ کاری پلیٹ فارمز سے ہوشیار رہنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق ہِل ہاؤس کیپیٹل، ہِل ہاؤس انویسٹمنٹ اور ایس 169 وارٹن کو غیرمجاز قرار دیدیا۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ غیرقانونی پلیٹ فارمز جھوٹے اور غیرمعمولی منافع کے دلکش وعدوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
ایس ای سی پی نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ غیرقانونی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو باقاعدہ طور پر رپورٹ کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
کمیشن نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرمایہ کاری صرف ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ بروکرز اور منظور شدہ پلیٹ فارمز کے ذریعے ہی کریں اور کسی بھی جعلی یا غیرقانونی سرمایہ کاری اسکیم میں رقم جمع کروانے سے گریز کریں۔






















