وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے کہ مضبوط مقامی حکومتیں وقت کی اہم ضرورت ہیں جبکہ وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کا کہناتھا کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔
اسلام آباد میں ڈیولیوشن سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کا کام ہے، لیکن قانون ساز مقامی سطح کے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے آرٹیکل ایک سو چالیس اے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط مقامی حکومتوں کا نظام ضروری ہے تاکہ جمہوریت کے ثمرات گلی محلوں تک پہنچیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ ملک کا گورننس سسٹم ناکافی ہے اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی قومی سلامتی کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام تک سہولیات پہنچانے کے لیے مضبوط لوکل گورنمنٹ لازمی ہے، جبکہ ایم این ایز اور ایم پی ایز اپنی چودھراہٹ کی وجہ سے نظام کو کمزور کر رہے ہیں۔ دونوں وزراء نے کہا کہ پائیدار بلدیاتی نظام پاکستان کی بقا کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔






















